منگلورو 8/اگست (ایس او نیوز)تاخیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق منگلورو کے ایک مقامی نیوز چینل کے لئے عرصے تک کیمرہ مین کے بطور خدمات انجام دینے والے محمد اقبال کی پراسرارحالت میں موت واقع ہوگئی ہے۔
کہاجاتا ہے کہ کوئی دس بارہ سال پہلے محمد اقبال لوکل نیوز چینل کے طور پر کام کررہا تھا۔ اس کے بعد اس نے کچھ اور پیشے اختیار کرلئے تھے۔ 26/جولائی کو اقبال گھر سے نکلا تھا پھر اس کے بعد وہ واپس نہیں لوٹا۔گھر والے پریشان ہوکر اس کی تلاش میں لگے تھے کہ 27/جولائی کووہ پانڈیشور کے پاس پڑا ہوا پایاگیا اورمبینہ طور پر 108ایمبولینس والوں نے اسے لے جاکر وینلاک اسپتال میں داخل کیا۔گھر والوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے اقبال کی موت واقع ہوجانے کے بعد اس بات کی خبر دی تھی۔
پتہ چلا ہے کہ اقبال کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں نے رپورٹ دی ہے کہ اس کی موت سڑک حادثے میں ہوئی ہے مگر اس کے جسم پر کوئی زخم نہیں ہے۔گھر والوں کاگمان ہے کہ شاید پولیس نے اقبال کی پیٹائی کی تھی جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی ہے۔ کیونکہ اس کے پیروں اور پاوں کے تلووں پر ڈنڈے سے پیٹنے کے نشانات موجود ہیں۔